عارف نور
پاک وائسز، گوادر

گوادر ایک جزیرہ نما شہر ہے جس کے تین اطراف سمندر ہے اور شہر کی ساحلی پٹی 60 کلومیٹر پر محیط ہے جو اس کی وجہ شہرت بھی ہے۔
دیمی زر ساحل،پدی زر ساحل،کپیسی بیچ، گراب اور کلگ بیچ ایسے مقامات ہیں جہاں کا نظارہ ہر آنے والے کو بھاتا ہے۔
کلگ بیچ گوادر کی ایک خوبصورت ساحلوں میں سے ایک ہے جو پدی زر ساحل کے متصل کوہ باتیل کے دامن میں واقع ہے۔

اگر کسی کا ساحل کی سیر کا من چاہے تو کلگ بیچ پہلی چوائس ہوتی ہے کیونکہ یہاں کا نظارہ دلفریب اور رسائی بھی آسانی سے ہوتی ہے۔

ساحل کی سیر کو آئے ایک ایسے نوجوان عبدالرحمن بلوچ نے پاک وائس کو بتایا کہ” شہر کے شوروغل سے دور یہاں (کلگ بیچ) آکر راحت کا احساس ہوتا ہے۔”
سیاح کلگ ساحل کے دل موہ لینے والے نظاروں کی طرف کھنچے چلے آتے ہیں اور فیملی کے ساتھ پکنک مناتے ہیں۔
ساحل پر شوقیہ مچھلی کا شکار کرنے والے گوادر کے شہری علی احمد نے پاک وائسز کو بتایا کہ ” مچھلی پکڑنے کا مقامی روایتی طریقہ ہے جس میں وہ گوندھے ہوئے آٹے کا ٹکڑا کانٹے کے سرے پہ لگا کر پانی میں پھینکتے ہیں جس سے مچھلی لگ جاتی ہے اور یہی مچھلی گھر میں کھانے کے لئے استعمال کرتے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ مچھلی پکڑنے کے ساتھ ساتھ یہاں ان کا وقت بھی اچھا گزرتا ہے اور تازگی کا احساس ملتا ہے۔
سمندر کنارے سیپ کے خول بکھرے پڑے ہوتے ہیں جن سے کھیل کر لوگ طرح طرح کی چیزیں بھی بناتے ہیں۔
کلگ بیچ کی سیر کو آئے یوسف امین کہتے ہیں کہ “صاف ستھرا ساحل سمندر کا چمکتا شفاف نیلا پانی آنکھوں کو ٹھنڈک اور دل کو سکون دیتا ہے۔”

کلگ بیچ کے ریتلی مٹی میں دھنسے ہوئے قدرتی پتھر بیچ کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیتے ہیں جن پر کھڑے ہو کر ساحل کا نظارہ لینے کا لطف ہی کچھ اور ہے۔
ساحل پر غروب آفتاب کا منظر یہاں آنے والوں کو مدتوں اپنے سحر میں جکڑے رکھتا ہے۔
رائیٹر کے بارے میں: عارف نور گوادر سے پاک وائسز کے لیے بطور سٹیزن جرنلسٹ کام کرتے ہیں۔