برکت اللہ بلوچ، گوادر
بلوچستان کے ساحلی علاقہ جیونی میں حسن یوسف ویلفئرٹرسٹ کی جانب سے جیونی اور گرد نواح کے عوام کو مفت ایمبولینس سروس فراہم کی جارہی ہے اور یہ سروس 24 گھنٹے عوام کی خدمت کے لیے دستیاب ہوتی ہے۔
 
 کسی بھی قسم کے حادثہ یا ایمرجنسی کی صورت میں ایک فون کال کے زریعے ایمبولینس سروس کی سہولت فراہم کی جاتی ہے اور اخراجات کی مد میں ایک روپیہ بھی وصول نہیں کیا جاتا ہے۔
حسن یوسف ویلفئرٹرسٹ کے بانی اور چیئرمین عبدالکریم بلوچ نے پاک وائسز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ “فری ایمبولینس
سروس کی فراہمی عوام کی مشکلات اور مصائب کو دیکھ کر کی گئی ہے۔”
 
 جیونی جیسے پسماندہ علاقے میں صحت کے بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں جس کے باعث ایمرجنسی کی صورت میں لوگ اپنے مریضوں کو گوادر یا کراچی منتقل کرنے پر مجبور ہوتے ہیں لیکن جیونی میں ایمبولینس سروس نہ ہونے کے باعث لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا تھا۔
 
حسن ٹرسٹ گزشتہ نو سال سے جیونی میں ایمبولینس کی سروس فراہم کر رہا ہے جس سے نہ صرف جیونی بلکہ گرد و نواح کے لوگ بھی فائدہ اٹھاتے ہیں۔ ایمبولینس میں ایمرجنسی میں استعمال ہونے والے تمام ضروری آلات اور فرسٹ ایڈ کا سامان بھی موجود ہوتا ہے۔کسی حادثے یا دیگر ایمرجنسی کی صورت میں لوگوں کو کراچی ،گوادر اور تربت تک سروس فراہم کی جاتی ہے۔
 
مالی معاونت کے حوالے سے عبدالکریم بلوچ نے بتایا کہ انھیں کسی بھی ادارے ، شخصیت یا حکومت کی جانب سے کسی بھی قسم کی سپورٹ حاصل نہیں ہے بلکہ ٹرسٹ اور ایمبولینس سروس کے تمام اخراجات کا انتظام وہ اپنی مدد آپ کے تحت کرتے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here