عمران کمار

رحیم یار خان کی پہچان، تاریخی جناح ہال کے کلاک ٹاور پر نصب بڑی گھڑی، جو برسوں سے خاموش تھی، بالآخر دوبارہ چل پڑی۔ ضلعی انتظامیہ کی محنت رنگ لائی اور تقریباً دو دہائیوں بعد تاریخی گھڑی کو مکمل مرمت کے بعد بحال کر دیا گیا۔

انیس سو پچاس کی دہائی میں نصب کی گئی یہ گھڑی صرف وقت بتانے کا ذریعہ نہیں بلکہ رحیم یار خان کے ماضی، ثقافت اور تاریخی ورثے کی ایک اہم علامت سمجھی جاتی ہے۔

ستائیس دسمبر دو ہزار سات کو ہنگامہ آرائی کے دوران جناح ہال کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ عمارت متاثر ہوئی، قیمتی ریکارڈ جل گئے جبکہ کلاک ٹاور پر نصب یہ تاریخی گھڑی بھی خاموش ہو گئی۔ بعد ازاں عمارت کی بحالی تو کر دی گئی، تاہم گھڑی کئی برس تک فعال نہ ہو سکی۔

ڈپٹی کمشنر ظہیر انور کے مطابق، یہ کلاک ٹاور لندن کے ایک ماڈل سے متاثر ہو کر تعمیر کیا گیا تھا۔ طویل عرصے سے خراب رہنے والی اس گھڑی کی اب مکمل مرمت کر کے اسے دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے۔

رحیم یار خان کی پہچان بننے والے ٹاؤن ہال کے کلاک ٹاور پر نصب یہ تاریخی گھڑی ہر گھنٹے بعد بج کر نہ صرف وقت گزرنے کا احساس دلاتی ہے بلکہ شہر کی خوبصورتی اور تاریخی شان میں بھی اضافہ کرتی ہے۔