Home Balochistan گْوادر میں ماہ رمضان میں خاص طور پکائے جانے والی ڈش

گْوادر میں ماہ رمضان میں خاص طور پکائے جانے والی ڈش

گْوادر میں بھی کچھ ایسی چیزیں، مقامات، رسومات و تہوار ہیں جو اس شہر کو انفرادیت عطا کرتی ہیں۔جیسے ہر عید کے دوسرے دن کوہ باتیل پر ہر گْوادری کی حاضری کی رسم جس کواب عید میلہ کا نام دیاگیا ہے۔

کھانے کی چیزوں میں گْوادری حلوہ کی لذت و شہرت ہر طرف پھیلی ہے۔ گْوادر میں رمضان کے مہینے کی بھی اپنی رنگ اور رونقیں رہتی ہیں۔ آئیے آپ کو ایک ایسی ڈش یا خوراک کے بارے میں بتائیں جو گْوادر میں ماہ ِرمضان میں خاص طور پکائے جانے والی ڈشز میں سےایک ہے۔ تصویر میں بھورے رنگ کی سیال سی ڈش کو ہم سوکون کہتے ہیں۔ جس کو افطاری پر یا افطاری کے بعد کوپتا کے ساتھ کھایا جاتا ہے۔

سوکون میٹھا ذائقہ رکھتا ہے مگر تھوڑا تیکھا سا۔ کوپتا رمضان کے علاوہ بھی پکایا جاتا ہے اور کابُلی (چنا) ، ماشینک ( پتلی دال) اور بانکلیک یا بانکلہ کے ساتھ ناشتہ میں کھایا جاتا ہے۔ سوکون اور ناشتہ کی دیگر تمام کی ڈشز دوکانوں کے بجائے گھروں میں بنائی اور بیچی جاتی ہیں۔ سوکون کھجور اور ماک (دال موٹھ Turkish Gram) سے بنایا جاتا ہے جس میں سونف اور مرچ بھی ڈالا جاتا ہے۔

یہ گوادر کی سماجی و ثقافتی زندگی میں عمانی دور کے اثرات کی ایک لذیذ یاددہانی ہے۔ تاہم اب گْوادر میں سوکون بنانے اور بیچنے والے کم ہوتے جارہے ہیں۔ سوکون مسقط عمان میں بھی پکائی اور شوق سے کھائی جاتی ہے۔